نئی دہلی 8/جون (ایس او نیو) دہلی کے قریب فریدآباد کے ایک پرائیویٹ اسکول میں لگی بھیانک آگ سے اسکول کے منتظم کی اہلیہ اور اُن کے دو بچوں کی موت واقع ہوگئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق واردات کے فوری بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی بالخصوص اُن والدین میں بے چینی پھیل گئی جن کے بچے متعلقہ اسکول میں پڑھتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ فرید آباد کے دُبووا کالونی میں واقع اے این ڈی کانوینٹ اسکول کی عمارت میں سنیچر صبح قریب سات بجے پیش آیا جس میں بلڈنگ کے اوپری منزلہ میں رہنے والے اسکول منتظم کی اہلیہ اور دو بچے اس حادثے میں فوت ہوگئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فرید آباد کے اس اسکول نے گجرات کے سورت کے کوچنگ سینٹر میں لگی آگ سے کوئی سبق نہیں لیا، یہی وجہ ہے کہ اسکول میں آگ پر قابو پانے کے لئے کسی طرح کا کوئی پیشگی انتظام نہیں تھا۔ یاد رہے کہ سورت میں کوچنگ سینٹر میں لگی آگ سے 22 طلبا کی موت واقع ہوئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ پولس اور آگ پر قابو پانے والا عملہ جب تک موقع پر پہنچتا اور آگ پرقابو پاتا، تین لوگ بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے تھے، جب اُنہیں عمارت سے باہر نکالا گیا اور اسپتال لے جایا گیا تو وہاں پہنچنے کے بعد اُن کی موت واقع ہوگئی، بتایا گیا ہے کہ کمرے کے اندر پھیلے دھویں سے دم گھٹنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔